ایک ہزار جیل ملازمین کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں: شاہد سلیم بیگ

فیصل آباد (نیوز لائن) انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ جیل سٹاف کے سکیلز کی اپ گریڈیشن اور انکی ترقیوں کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں آئندہ ایک سال میں ایک ہزار ملازمین کی اگلے پے سکیل میں پروموشن کے لئے ورکنگ کی جارہی ہے جبکہ مختصر عرصہ کے دوران صوبہ کے  25 چیف وارڈرز کو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس کے عہدے پر ترقی دیدی جائیگی دریں اثناء ترقی کے مزید 75 کیسز پر کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ انہوں نے یہ بات سنٹرل جیل کے دورہ کے دوران چار کروڑ روپے کے فنڈز سے 120 وارڈرز کے لئے تعمیر کی گئی دو منزلہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ملازمین کے لئے کچن و ڈائننگ روم‘لانڈری وکامن روم اورحجام شاپ قائم کی گئی ہے۔ڈی آئی جی جیل فیصل آباد ریجن سعید اللہ گوندل‘سپرنٹنڈنٹس سنٹرل وڈسٹرکٹ جیل نور حسن بگھیلہ‘شیخ افضل جاوید‘علی اکبر گجر‘ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اوردیگر جیل افسران بھی موجود تھے۔انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ اگرچہ جیل سٹاف کے سکیلز کی اپ گریڈیشن میں تاخیرہوئی تاہم یہ معاملہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے نوٹس میں لایا گیا ہے اور عنقریب اس میں مثبت پیشرفت سے ملازمین کی مایوسی ختم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کی نو سنٹرل جیلوں میں ملازمین کی تربیت بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔ انہوں نے جیل سٹاف سے  کہا کہ اپنے فرائض کی ادائیگی کو ذمہ داری سے انجام دیں اورنظم وضبط کی پابندی کریں انکے حقیقی مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مزید تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند کو چھٹی‘دوسرے محکمے میں ملازمت کے لئے جانے والے ملازمین کو این او سی کا اجرا کیا گیاہے اور آئندہ بھی ان کی سہولیات کا خیال رکھا جائے گا‘انسپکٹر جنرل جیلخانہ جات پنجاب نے کہا کہ جیل ملازمین کی فلاح وبہبود اور انہیں روزمرہ ضروریات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ مرکوزہے اس ضمن میں سنٹرل جیل کے سٹاف کے لئے خطیر فنڈز سے ایک چھت تلے سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

Related posts