پولیس چوکی نذر آتش کا معاملہ : 2 ڈی ایس پیز کیخلاف انکوائری شروع

فیصل آباد (نیوز لائن) تھانہ کھڑیانوالہ کے علاقہ میں نوجوان کی ہلاکت اور مکوآنہ پولیس چوکی نذر آتش کرنے کے معاملہ میں آئی جی پنجاب کا دو ڈی ایس پیز کے خلاف انکوائری کا حکم، ڈی ایس پی خالد محمود اور عمران عباس کے خلاف انکوائری ڈی پی او ننکانہ فیصل شہزاد کو سونپ دی گئی آئی جی آفس سے جاری احکامات کے مطابق ڈی ایس پی خالد محمود پر الزام ہے کہ چند روز قبل پولیس تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد مشتعل مظاہرین نے چوکی مکوآنہ جلادی تھی ، جس پرڈی ایس پی اپنا کردار ادا نہیں کرسکے جبکہ ڈی ایس پی سی آئی اے گوجرانوالہ عمران عباس کو علاقہ پولیس کو آگاہ کئے بغیر کھڑیانوالہ کے علاقہ میں چھاپہ مارنے اور نوجوان کو ہلاک کرنے پر شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔ آئی جی کی جانب سے ڈی پی او ننکانہ فیصل شہزاد کو انکوائری جلد مکمل کرکےرپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈی ایس پی لیگل فیصل آباد انکوائری آفیسر کی معاونت کریں گے۔ واضح رہے کہ معاملے پر اس سے پہلے بھی انکوئری ہو چکی ہے۔ مکوآنہ چوکی نظر آتش کرنے پر دو سو چونتیس افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Related posts