جیل سٹاف کو خوشگوار ماحول کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں: سعید گوندل

فیصل آباد (نیوز لائن) جیل سٹاف کی فلاح و بہبود اور ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ سرکاری ذمہ داریوں کی احسن انداز میں ادائیگی کے سلسلے میں انہیں ذہنی آسودگی اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ یہ بات ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات فیصل آباد ریجن سعید اﷲ گوندل نے سنٹرل جیل میں سینئروارڈرز کے تربیتی کورس کے اختتام پر پاسنگ آﺅٹ پریڈ کے موقع پر اعلی کارکردگی کے حامل وارڈرز میں شیلڈ تقسیم کرتے ہوئے کہی ۔ سپرنٹینڈنٹ سنٹرل جیل نور حسن بگھیلہ، شیخ افضل جاوید اور دیگر جیل افسران و سٹاف کے ارکان بھی موجود تھے ۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے شرکاءکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ باصلاحیت اور ہنر مند سٹاف کی بدولت انتظامی امور میں بہتری آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے ایسے کورسز ناگزیر ہیں جس کی بدولت سروسز کے معیار میں اضافہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جیل خانہ جات پنجاب نے سکینڈر وارڈر سے ہیڈ وارڈر ترقی پانے کے لئے لازمی تربیتی کورس کے لئے تمام سنٹرل جیلز میں ریجنل ٹریننگ سنٹرز قائم کئے ہیں تاکہ پروموشن کے بروقت عمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے سٹاف سے کہا کہ وہ دل لگا کر فرائض انجام دیں ۔ سپرنٹنڈنٹ جیل نور حسن بگھیلہ نے بتایا فیصل آباد ریجن کے 30 سینئر وارڈرز نے اس تربیتی کورس میں حصہ لیا اور تمام نے کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے شرکاءکو مبارکباد دی ۔

Related posts