ایران امریکہ کشیدگی میں پاکستان غیرجانبدار رہے گا‘ فرخ حبیب

فیصل آباد (نیوز لائن) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے آرمی چیف ‘اداروں اور حکومت کو طاقت دی ہے ۔ نیب اور چیف الیکشن کمیشن کا معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل کریں گے ۔ مولانا فضل الرحمان کو اپنی روش چھوڑنی ہو گی ۔کسی کو ملک دشمنوں کے ہاتھوں نہیں کھیلنے دیں گے ۔ ایران ‘ امریکہ کشیدگی میں پاکستان اپنی غیر جانبداری پر قائم رہے گا ۔دونوں ممالک کے مابین بڑھتی کشیدگی سے پاکستانی فضائی حدود کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ دونوں ممالک کی کشیدگی سے خطہ بدامنی کا شکار ہو سکتا ہے ۔ پاکستان امن کا داعی ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کا اس ہونا ملک کے لئے نیک شگون ہے ۔ ملکی مفاد میں حکومت اور اپوزیشن کا متفق ہونا خوش آئند ہے ۔ قومی سلامتی تمام اختلافات سے بالا تر ہے ۔ آرمی ایکٹ ترمیمی بل قومی مفاد کی اہم قانون سازی ہے ۔ افواج پاکستان پوری قوم کا فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی اور قومی سلامتی کے ایشوز پر اپوزیشن اور حکومت کو ایک پیج پر ہونا چاہئے کرپشن کے خلاف مہم ضرور جاری رکھی جائے گی لیکن ملکی و عوامی مسائل کے حل کے لئے حکومت اور اپوزیشن کا مل کر جدوجہد کرنا بھی انتہائی ضروری ہے ۔

Related posts