پنجاب میں ترقی پسند محنت کش سیاست کو عوام میں مقبول بنانے کاعزم

فیصل آباد (نیوز لائن) عوامی ورکرز پارٹی پنجاب کی تیسری مندوبین کانگریس میں نومنتخب عہدیداروں نے پنجاب میں ترقی پسند محنت کش سیاست کو عوام میں مقبول بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور محنت کشوں، خواتین اور نوجوانوں خودکفیل بنانے کے لئے اقدامات پر زور دیا۔

کنگریس نے تین سال کے لئے پنجاب کابینہ اور پنجاب کمیٹی کا انتخاب کیا، جس میں صدارت عمار رشید اور جنرل سیکرٹری کا عہدہ عابدہ چوہدری کو ملا۔ سینئیر نائب صدر پروفیسر صلاح الدین، نائب صدر احتشام اکبر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری پروفیسر امیر حمزہ ورک، طوبی’ سید اطلاعات و نشریات سیکرٹری متخب ہوئیں۔

پروگرام کے شروع میں سبکدوش ہونے والے جنرل سیکرٹری احتشام اکبر نے تین سالہ تنظیمی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی، ڈیرہ سیہگل، اوکاڑہ اور لاہور میں پارٹی کی کامیاب سرگرمیوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ پنجاب میں مزاحمتی جدوجہد ممکن ہے۔

انہوں نے مذید کہا کہ انہیں اس بات کی بہت خوشی ہے کہ پارٹی نے خواتین، نوجوانوں اور محنت کشوں پر اعتماد کرکے اہم عہدوں پر منتخب کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومتخب عہدیدار تنظیمی سرگرمیوں میں تیزی لائیں گے اور پنجاب کے تمام اظلاع میں پارٹی کی بنیادیں مضبوط کرکے پارٹی کو خطے کے محنت کشوں کی مذاحمتی جدوجہد کی نمائندہ بنانے کی کوششیں تیز کریں گے۔

نومنتخب صدر عوامی ورکرز پارٹی پنجاب عمار رشید نے اپنے اولین خطاب میں کہا کہ ملک کا موجودہ معاشی اور سیاسی بحران سول-عسکری حکمرانوں اور پارلیمانی حذب اختلاف دونوں کی ناکامی کے ثبوت ہیں، ان بحرانوں نے ملکی معیشت کو تباہ وبرباد اور سماج کو بکھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ان بحرانوں نے ملک میں راہنمائی کی شدید خلا پیدا کیا ہے، پارٹی کو اس خلا کو پر کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہیئے۔

انہوں نے مذید کہا پارٹی کو اپنے سماجی و معاشی برابری، باعزت اور مستحکم روزگار، ماحول دوست صنعتکاری، زمینی اصلاحات، صنفی برابری، تعلیمی اصلاحات اور جمہوری ریاست کے پیغام کو پنجاب کے کونے کونے تک پہنچانے کے لئے حالات سازگار ہیں۔

عمار رشید نے کہا نومنتخب پنجاب کمیٹی آنے والے مہینوں میں عوام میں کام کو بڑھانے، پارٹی منصوبہ بندی، تنظیم کے مزدوروں، کسانوں، طلبا اور خواتین محاز، اطلاعات و نشریات کے کام اور ترقیاتی کاموں کو آنے والے وقت میں بہتر کرنے کی کوشش کرے گی۔

نومنتخب جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ عابدہ چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی محنت کشوں، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں میں کام کو تیز کرے گی تاکہ پارٹی کے مجوزہ معاشی اور سیاسی تبدیلی کے پروگرام کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی حکمران جماعت کی آئی ایم ایف زدہ معاشی پروگرام، جس کی وجہ سے ملک میں کمر توڑ مہنگائی اور بیروزگاری کا دور دورہ ہے، کو یکسر رد کرتی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نے دنیا کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے، اس تباہی سے بچنے کا واحد حل سرمایہ داری اور منافعے کے انبار لگانے کی خواہش کے خلاف جدوجہد ہے۔

عابدہ چوہدری نے کہا پارٹی نجکاری اور محنت کشوں کی نوکریوں سے بیدخلی کی تمام حکومتی کوششوں کے خلاف پرزور مخالفت کرے گی۔

موقع پہ خطاب کرتے ہوئے، سُبکدوش ہونے والے صدر عوامی ورکرز پارٹی پنجاب ڈاکٹر عاصم سجاد اختر نے کہا کہ موجودہ سرمادارانہ نظام دنیا کو ناکامی کے دہانے پہ لے آیا ہے اور اب عوام کے پاس صرف دو ہی راستے ہیں سوشلزم یا بربریت۔ انہوں نے مذید کہا کہ تیس سال پہلے دنیا کے حکمرانوں نے سرمایہ داری کی فتح کا اعلان تو کر دیا تھا لیکن 2007 میں سرمایہ داری اپنے اندرونی تضادات کا شکار ہو کر اکیسویں صدی میں دنیا کو مالیاتی بحران میں ڈبو دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سول اور عسکری حکمران بھی ماضی کی وہی پالیسیاں اور غلطیاں دُہرا رہے ہیں جو کروڑوں انسانوں کو مایوسی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، دہائیوں کے بعد، اب پھر پنجاب میں اصلی مذاحمت کی سیاست کی جگہ بنی ہے اور اب ترقی پسند سیاست کے لئے لوگوں کے غم و غصہ کو منظم کرنا بائیں بازو کی ذمےداری ہے۔

کانگریس نے متعدد قراردادیں بھی پا کی جن میں طلبہ یونین کی فوری بحالی، نجکاری کے خاتمے، رسمی اور غیر رسمی محنت کشوں کے لئے سوشل سیکیورٹی، لیبر قوانین کا زرعی شعبے پر اطلاق، انڈیا میں مودی کی قیادت میں بھارتی جنتا پارٹی حکومت کی مسلم اور اقلیت دشمن پالیسی کی مذمت اور دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سے بچانے کے لئے توانائی کے روایتی وسائل کو چھوڑ کے ماحول دوست متبادل ذرائع پر منتقلی کی تائیدی قراردادیں منظور کی گئیں۔

موقع سے عوامی ورکرز پارٹی پنجاب کے نومنتخب ڈپٹی جنرل سیکرٹری حمزہ ورک، سیکرٹری مالیات عارف ایاز، سیکرٹری خواتین شازیہ خان، نائب صدر غلام دستگیر محبوب اور چیئرمین عوامی ورکرز پارٹی اسلام آباد-راولپنڈی چوہدری مسعودالحسن نے بھی خطاب کیا۔

Related posts