یکجہتی کشمیر کبڈی ٹورنامنٹ شیر پنجاب کبڈی کلب نے جیت لیا

فیصل آباد (نیوز لائن) فیصل آباد میں جاری ساتواں آل پنجاب یکجہتی کشمیر کبڈی ٹورنامنٹ شیر پنجاب کبڈی کلب نے جیت لیا۔ فائنل میں قادر آباد کبڈی کلب کو سنسنی خیز مقابلے میں 38 کے مقابلے میں 35 پوائنٹس سے شکست دی۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی کمشنر فیصل آباد ڈویڑن محمود جاوید بھٹی اورآر پی او غلام محمود ڈوگر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تین دن جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں پنجاب بھر سے کلبوں اور نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ فلڈ لائٹ فائنل میچ میں فیصل آباد سمیت دور دراز سے ہزاروں کی تعداد میں کبڈی لورز نے شرکت کی۔میچز میں مہمانان گرامی اور شائقین کی طرف سے اچھا کھیلنے والے کھلاڑیوں کو لاکھوں روپے کے نقد انعام اور موٹر سائیکلوں سے نوازا گیا۔ ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر شہباز رندھاواکی طرف شاندار انتظامات کرنے پر ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی گئی۔اس موقع پر کمشنر اور آر پی او فیصل آباد نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنی مٹی سے جڑے کھیلوں اور تہواروں کو زندہ رکھنے کے لئے اپنا حصہ ڈالیں۔ اپنی اقدار کو بچانے‘ مغربی یلغار کی روک تھام اور بے راہروی کا شکار نوجوان نسل کو راہ راست پر لانے کے لئے کھیلوں کے میدان آباد کرنا ناگزیر ہیں۔آرگنائزرز کی طرف سے جیتنے والی ٹیم کو ڈیڑہ لاکھ‘ رنر اپ کو ایک لاکھ‘ تیسری پوزیشن والی کو ساٹھ ہزار جبکہ چھوتھی پوزیشن پر پچاس ہزار کیش اور ٹرافیاں دی گئیں۔جبکہ انفرادی کارکردگی پر بھی کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور شیلڈز دی گئیں۔ فائنل میچ میں جنرل سیکرٹری پنجاب کبڈی سرور بٹ،صدر یوتھ ونگ پنجاب ن لیگ کاشف نواز رندھاوا،سابق ایم این اے ڈاکٹر نثار جٹ سمیت دیگر مہمانان نے انعامات تقسیم کئے۔ ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا،ڈویژنل وڈسٹرکٹ سپورٹس افسران چوہدری طارق نذیر،رانا حماد اقبال کے علاوہ منتظمین اور شائقین بھی موجود تھے۔

Related posts