بیگم کلثوم نواز کی حالت نازک: وینٹی لیٹر پر منتقل


لندن(نیوزلائن)لندن میں بیگم کلثوم نواز کی حالت نازک ہو گئی انہیں مصنوعی سانس پر منتقل کر دیا گیا جبکہ نواز شریف اور مریم نواز بھی ہسپتال ہارلے سٹریٹ کلینک پہنچ گئے۔ تفصیل کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث آئی سی یو میں گر پڑیں، انہیں دل کا دورہ بھی پڑا، بعد ازاں انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کر دیا گیا اور وہ وینٹی لیٹر پر ہی ہیں اور انہیں ہوش نہیں آیا۔ ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کو بدھ کی شب طبیعت خراب ہونے پر پہلے ہسپتال کے ایمرجنسی یونٹ پھر آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔ قبل ازیں کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنیوالے ڈاکٹروں نے بھی دوران معائنہ کمزوری کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔ دوسری جانب نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم کے ساتھ کلثوم نواز کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچ گئے اور شریف خاندان کے دیگر افراد بھی ہسپتال میں ہی موجود ہیں۔ شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا کرے۔ حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا والدہ کی حالت تشویشناک ہے ، جبکہ مریم نواز نے بھی قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ مریم نواز نے بتایا کہ امی کو گزشتہ صبح دل کا دورہ پڑا، انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ کلثوم نواز وینٹی لیٹر پر ہیں۔ نواز شریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

Related posts