جشن بہاراں میلے کا رنگا رنگ آغاز‘ شہری دیکھنے امنڈ آئے


فیصل آباد (نیوزلائن) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد کے زیرانتظام جشن بہاراں میلے کا انعقاد کیا گیا۔ میلے کے دوران رنگا رنگ پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں۔پی ایچ کے سنگ بہار کا جشن منانے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد امنڈ آئے۔ باغ جناح میں پھولوں کی نمائش لگائی گئی۔نمائش کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کیا۔ اس موقع پر وائس چےئرمین پی ایچ اے حاجی خالد سعید‘ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے چوہدری محمد آصف،ڈائریکٹرمارکیٹنگ پی ایچ اے طارق خاں نیازی‘ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر عبداللہ نثاراور سول سوسائٹی کے افرادکی بڑی تعدادموجودتھی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ رنگا رنگ اورخوبصورت پھولوں کی نمائش قدرت کی نعمتوں کااعتراف ہے جودھرتی کے حسن میں اضافہ اور انسانی احساسات کی بہترین ترجمانی کرتے ہیں۔ قدرتی ماحول کانکھار شہریوں کو ذہنی وقلبی سکون فراہم کرتا ہے جو کہ انسانی طبیعت میں تناؤوالجھاؤ کو دور کرکے آسودگی کا ذریعہ بنتا ہے یہی وجہ ہے کہ گرین بیلٹس،چوکوں،پارکوں اور عوامی مقامات پر دستیاب جگہیں موسمی پھولوں سے سجائی جاتی ہیں جس سے شہری خوبصورتی ابھر کر سامنے آتی ہے۔انہوں نے پی ایچ اے کے زیرا ہتمام جشن بہاراں کے انعقاد کو خوش آئند اقدام قرار دیا اور کہا کہ ایسے رنگا رنگ ایونٹس سے نہ صرف شہریوں کو مثبت اور صحت مند تفریح کے مواقع میسر آتے ہیں بلکہ گھریلو سطح پر پھول اگانے اورپودوں کی حفاظت کا شوقع پیدا ہوتا ہے جو کہ فطرت سے محبت کو مضبوط بناتا ہے۔انہوں نے فلاور شو میں تعلیمی اداروں،مختلف محکموں اورپرائیویٹ نرسریز کی جانب سے مختلف اقسام کے رنگ برنگے پھولوں کی ترتیب وآرائش کے سٹالزدیکھے اور منفردواچھوتے اقسام کے پھولوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ماہرین گل کے فن کو سراہا۔وائس چےئرمین پی ایچ اے/ایم پی اے حاجی خالد سعید نے کہا کہ جشن بہاراں کی بدولت نہ صرف شہریوں کو تفریح کے وسیع مواقع حاصل ہونگے بلکہ پھولدار پودے اگانے سے متعلق بھی ترغیب ملے گی۔انہوں نے جشن بہاراں کے شاندار انعقاد پر پی ایچ اے کے افسران کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ شہر کی خوبصورتی،شادابی اورشہریوں کو خوبصورت اور دلکش ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے متعدد اقدامات پرعمل پیرا ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمدآصف چوہدری نے بتایا کہ جشن بہاراں 2،اپریل تک جاری رہے گا جس میں شہریوں کی دلچسپی کے لئے فلاورشو،میوزیکل پروگرام،مزاحیہ مشاعرہ اور دیگر رنگا رنگ پروگرامز ترتیب دئیے گئے ہیں۔

Related posts