ناقص سکیورٹی پر منروا تھیٹر کو’’ سیل ‘‘کرنے کی سفارش


فیصل آباد(نیوزلائن)ناقص سکیورٹی اور لڑائی جھگڑے ‘ فائرنگ کے واقعات کی وجہ سے منروا تھیٹر کمپلیکس کو سیل کرنے کی سفارش کردی گئی۔ اس کملیکس میں منروا تھیٹر کیساتھ منروا سینما ‘ سٹار سینما‘ سٹار تھیٹر اور شاپنگ سنٹر بھی شامل ہیں۔فیصل آباد پولیس نے منروا تھیٹر بلڈنگ کو سیل کرنے کیلئے رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو بھجوا دی ہے۔نیوزلائن کے مطابق راجباہ روڈ پر بیرون جھنگ بازار واقع منروا تھیٹر کمپلیکس میں لڑائی جھگڑے کے واقعات معمول ہیں۔ متعدد بار وہاں فائرنگ کے واقعات ہو چکے ہیں۔ فائرنگ میں شہریوں کے زخمی ہونے اور خوف و ہراس پھیلنے کے واقعا ت بھی عام ہیں۔ فیصل آباد پولیس نے اپنی ایک رپورٹ میں قرار دیا ہے کہ منروا تھیٹر کمپلیکس کے مالکان نے سکیورٹی قواعد کو مکمل نظر انداز کررکھا ہے۔ تھیٹرز اور سینما زکی تعمیر میں ہی قواعد کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ سٹار سینما تھیٹر کو تھیٹر یا سینما قرار دینا بھی قوانین سے کھلواڑ ہے۔تھیٹرز اور سینماز میں آنیوالے شائقین کی تلاشی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس میں پارکنگ کے انتظامات سرے سے ہیں ہی نہیں۔کسی گاڑی کی چیکنگ نہیں کی جاتی۔ بغیر چیکنگ پارکنگ ہی سکیورٹی کا بڑا رسک ہے۔رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ حفاظتی انتظامات کے فقدان کی وجہ سے تھیٹر میں اقدام قتل اور دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں اور ان کے مقدمات بھی درج ہیں۔ پولیس حکام نے اپنی رپورٹ میں منروا تھیٹرکمپلیکس کو سیل کرنے اور منروا تھیٹر‘ منروا سینما‘ سٹار سینما‘ سٹار تھیٹر کے لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے۔

Related posts