نوازشریف کی ڈیل یا ڈھیل قبول نہیں کرینگے: فواد چوہدری


فیصل آباد(نیوزلائن)پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے 2 اپریل کو پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ قومی انتخابی مہم 29 اپریل سے شروع ہوگی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چوہدری ندیم آفتاب سندھو کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ان کا کہناتھا کہ مانچسٹر آف پاکستان کے باشعور عوام عابد شیر علی‘طلال چوہدری اور رانا ثناء اللہ جیسے لوگوں کو آئندہ انتخابات میں اسمبلیوں میں نہیں بھجوائیں گے۔ نواز شریف اور ن لیگ کے دیگر رہنما صبح سپریم کورٹ کے خلاف گلے پھاڑ کر آوازے کستے ہیں جبکہ رات کو مقتدر اداروں کے پاؤں میں پڑ جاتے ہیں پہلے نوازشریف اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانیے کے چیمپئن بنے ہوئے تھے اب چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد ڈیل کی باتیں کر رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی اب کسی بھی این او آر کو نہ مانے گی اور نہ ہی (ن) لیگ کو ڈیل کرنے دے گی۔ جے آئی ٹی کے سامنے ان کی پیش کردہ 22دستاویزات جعلی نکلی ہیں۔اگر حکومت نے ڈیل کے نتیجے میں نوازشریف کو ڈیل اور ڈھیل دی تو پی ٹی آئی سڑکوں پر دمادم مست قلندر کرے گی ۔ تین سو ارب روپے کی کرپشن کرکے نوازشریف کو ملک سے بھاگنے نہیں دینگے۔ وزیراعظم خاقان عباسی فوری طور پر اپنی چیف جسٹس آف پاکستان سے ہونے والی میٹنگ کی بابت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قوم کو اعتماد میں لیں۔غلط معاشی اقدامات کے باعث روپے کی قدر میں کمی ہو رہی ہے۔ٹیکسٹائل انڈسٹری تباہ جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں نگران حکومت کے قیام کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے الیکشن میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔پی ٹی آئی کے تمام امیدوار حلقہ بندیوں کی بابت اعتراضات جمع کرانے میں خود مختار ہیں۔آئندہ الیکشن 15تا31 جولائی کے درمیان کروائے جانے چاہئے ورنہ تاخیر کی صورت میں ملک عدم استحکام کا شکار ہوگا۔عمران خان کی قیادت میں آئندہ مرکز سمیت چاروں صوبوں میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔

Related posts