ن لیگ کے شجر پر پت جھڑ کا موسم:پرندے اڑنے کو تیار


فیصل آباد(ندیم جاوید)ملک میں موسم بہار ہے مگر ملک کے بیشتر حصوں پر حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے شجر پر پت جھڑ کا موسم آگیا ہے۔ پتے جھڑرہے ہیں اور پرندے اڑان بھرنے کو تیار بیٹھے ہیں۔اسٹیبلشمنٹ سے کوششوں کے باوجود بن نہیں پا رہی ‘ عدالتوں سے اچھی خبر کی امیدیں دم توڑ چکی ہیں۔حالات ناموافق ہوتے دیکھ کر فیصل آباد کے ن لیگی متوالوں نے نئے آشیانے ڈھونڈنا شروع کردئیے ہیں۔نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد سے بڑے پیمانے پر ن لیگی پرندے نئے گھونسلوں کی تلاش میں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اورن لیگی چیئرمین ضلع کونسل زاہد نذیر کے بھائی ‘ رکن قومی اسمبلی عاصم نذیر بہت جلد ن لیگ کو خیرباد کہنے والے ہیں۔ متوقع طور پر ان کی اگلی منزل پی ٹی آئی ہو سکتی ہے۔ رابطے ان کے پی پی پی کیساتھ بھی ہیں۔ سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری محمد افضل ساہی کے حوالے سے بھی اطلاعات ہیں کہ وہ بھی ن لیگ کو کسی بھی وقت چھوڑ سکتے ہیں۔ تاہم وہ اگلے الیکشن میں ٹکٹ کی کنفرمیشن کا انتظار کر رہے ہیں۔اڑان کی تیاری وہ کئے بیٹھے ہیں۔ ن لیگی ڈپٹی میئر شیخ یوسف تو پی ٹی آئی میں جانے کیلئے سامان تک باندھے بیٹھے ہیں مگر انہیں پی پی 68میں پی ٹی آئی کی طرف سے ٹکٹ کی یقین دہانی نہیں مل رہی۔ ٹکٹ انہیں مسلم لیگ ن میں بھی ملنے کا ایک فیصد بھی چانس نہیں ہے۔ ن لیگی ایم پی اے رائے عثمان کے بھی پی ٹی آئی میں رابطے تیز ہو چکے ہیں اور ان کی بھی اڑان بھرنے کی توقع کی جارہی ہے۔ جعفر ہوچہ کو بھی پی ٹی آئی میں لے جانے کیلئے انصافین کا ایک گروپ سرگرم ہے۔ انصافین کا ایک دھڑا الیاس انصاری ‘ حاجی خالد سعیداور اجمل آصف کو بھی اپنے ہم رکاب کرنے دعویٰ کررہا ہے۔پی پی 62سے ن لیگی ایم پی اے رضانصراللہ گھمن اور این اے 80سے ڈاکٹر نثار احمد توچند روز پہلے انصافین ہونے کا اعلان کر چکے بھی ہیں۔

Related posts