پنجاب حکومت کی نااہلی دیڑھ سو افراد کی زندگی لے گئی‘درجنوں زخمی

بہاولپور(نیوزلائن)پنجاب حکومت کے ذمہ داران کی نااہلی کے باعث بہاولپور میں ٹینکر حادثہ میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔معروف شاہراہ پر آئل ٹینکر الٹنے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد تیل اکٹھا کرنے کیلئے جمع تھی کہ اچانک آگ کے شعلے بھڑک اٹھے جس میں سینکڑوں افراد جھلس گئے۔ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو عملہ بڑی تاخیر سے جائے حادثہ پر پہنچا اورٹینکر الٹنے کے بعد ضلعی انتظامیہ‘ ریسکیو 1122‘ پٹرولنگ سکواڈ‘ مقامی پولیس سمیت پنجاب حکومت کا کوئی ادارہ یا ذمہ داران موقع نہ پہنچا اور حادثے کے بعد ٹینکر سے تیل نکالنے والوں کو روکنے والا کوئی بھی موقع پر نہ تھا یسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ قومی شاہراہ پر پکا پل کے قریب پیش آیا جب ایک تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا جس سے بڑی مقدار میں آئل بہنے لگا۔ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) رانا محمد سلیم افضل نے 123 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا اور بتایا کہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق واقعہ میں 40 سے زائد زخمی ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان زخمیوں کا 60 فیصد سے زیادہ جسم جھلس چکا ہے اور انہیں ملتان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔آئل ٹینکر سے نکلتے ہوئے پیٹرول کو جمع کرنے کے لیے مقامی گاؤں کے 300 سے زائد افراد جائے وقوعہ پر پہنچے تھے کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگنے سے ٹینکر پھٹ گیا۔ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر کے نزدیک موجود گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی آتش زدگی کے لپیٹ میں آکر خاکستر ہوگئیں۔فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ترجمان موٹر وے پولیس عمران شاہ نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق قومی شاہرہ سے متصل بستی موضع رمضان جوئیہ سے ہے جو آئل ٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کرنے کی غرض سے ٹینکر کے ارد گرد جمع تھے۔ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ میں طبی سہولیات کی کمی اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں زخمیوں کی کثرت کے باعث حادثے کے مزید زخمیوں کو ملتان منتقل کیا جارہا جبکہ اس واقعہ میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور صوبائی انتظامیہ کو زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے ہدایت جاری کی۔صدر پاکستان ممنون حسین نے آئل ٹینکر سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا کی اور زخمیوں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی جبکہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کر دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب جاری کردہ ایک بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واقع پر افسوس کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے جو لاشوں اور زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال اور برن سینٹر منتقل کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بہاولپور کے علاقے احمدپور شرقیہ میں پیش آنے والے المناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے جانی نقصان نے دل دہلا دیا اور اس دکھ کے لمحے میں پنجاب حکومت اور حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیر اعلیٰ سندہ مراد علی شاہ نے پنجاب حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرادی۔

Related posts