پنجاب میں حکومت بناکر پولیس کو ٹھیک کریں گے‘چودھری سرور


فیصل آباد (نیوزلائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ن لیگ کی کرپٹ حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں کرسکی۔پینے کا صاف پانی نہ ملنے سے پاکستان میں 11لاکھ لوگ وقت سے پہلے موت کے منہ میں چلے گئے۔انڈسٹری بند ہونے سے 2 لاکھ مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔2018ء کا الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی۔گزشتہ روز ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاشتکار بدحالی کا شکار ہیں ۔گنا سرکاری ریٹ 180کی بجائے ملز مافیا 140روپے فی من کے حساب سے خرید رہا ہے۔ خیبرپختونخواہ میں پولیس سسٹم میں سیاسی مداخلت کے خاتمہ کے باعث میرٹ کا دور دورہ ہے جس کی وجہ سے کرائم میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔پنجاب میں حکومت بنا کر پولیس کو مخالفین کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ عوام فرسودہ نظام سے تنگ آچکے ہیں۔ ملک 90ارب ڈالر کا مقروض ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے شیخ خرم شہزاد،رضا نصراللہ گھمن سمیت تمام ممبران اسمبلی نے مجھے ووٹ ڈالے جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔بعدازاں انہوں نے اپنے اعزازمیں منعقدہ ایک سیاسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی انڈسٹری کو چلانے کیلئے پی ٹی آئی کے پاس جامع پلان موجود ہے۔ بند ٹیکسٹائل فیکٹریوں کو فعال کرنے کیلئے مکمل بیل آؤٹ پیکج دینگے۔ اس موقع پر ڈاکٹراسد معظم‘علی اختر خاں‘ فیض اللہ کموکا اور رائے حسن نواز نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ پی ٹی آئی اگلے انتخابات میں برسر اقتدارآکر نااہل لیگ کے لٹیروں سے قوم کا ایک ایک پیسہ نکلو ائے گی۔ سوئٹزرلینڈ میں پاکستانی قوم کے اربو ں ڈالر کرپٹ حکمرانوں نے لوٹ کر جمع کرا رکھے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان سو موٹو نو ٹس لے کر ملک کا پیسہ واپس لائیں۔چودھری سرور نے کہا کہ پنجاب بھر میں انتخابی سیاست کے حوالے سے لاہور کے بعد فیصل آباد کی سب سے زیادہ اہمیت ہے اور اسی لئے یہاں پر پارٹی کو زیادہ کام کرنے کی ضر ورت ہے۔فیصل آباد سے دولیگی ارکان اسمبلی ڈاکٹر نثا ر جٹ اور رضا نصر اللہ گھمن پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں اور الیکشن تک شمولیت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔پی ٹی آئی کی حکومت میں اگر کسی وزیر یا رکن اسمبلی نے کرپشن کی تو اسے پارٹی سے فارغ کر دیا جا ئے گا۔ نواز شر یف خاندان کی اگلی منزل اڈیالہ جیل ہے۔دریں اثناء گوجرہ کے چوک ملکانوالہ میں کارکنان پاکستان تحریک انصاف سے خطاب کر تے ہو ئے چودھری سرور نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔عوام روز بروز کی مہنگائی سے تنگ آچکے ہیں۔ ایسے کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکاراحاصل کر نے کا وقت آگیا ہے۔عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ایسے حکمرانوں کو نکال باہرکریں ۔پاکستان تحریک انصاف ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کی جنگ لڑ رہی ہے۔عوام پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو موقع دیں تاکہ ملک میں قانون وانصاف کی بالا دستی اور غربت کا خاتمہ کرسکیں۔ملک وقوم کو خوشحالی کی طرف گامزن کر سکیں۔

Related posts