ڈپٹی کمشنر کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ‘ میسر سہولیات کا جائزہ لیا


فیصل آباد(نیوزلائن)چلڈرن ہسپتال میں بچوں کی متعدد بیماریوں کے معیاری علاج معالجے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں سرجری کاآغاز بھی ہوگیا ہے جس کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سروسزفراہم کی جارہی ہیں جبکہ بچوں کے معدے کی بیماریوں کی تشخیص کے لئے انڈوسکوپی کی سہولت بھی عنقریب شروع ہوجائے گی۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کارکردگی کاجائزہ لینے کے لئے جھنگ روڈ پر چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو میڈیکل سروسز کا معیار بلند رکھنے کی ہدایت کی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد فخر،انچارج شعبہ نیوناٹالوجی ڈاکٹر سلمان،انچارج شعبہ پیڈیا ٹرک میڈیسن ڈاکٹر سیف اللہ شیخ ودیگر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر چلڈرن ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گئے اور زیر علاج بچوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کے والدین سے طبی سہولیات و ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے کہا کہ ایشیاء کے بڑے چلڈرن ہسپتال کے اس منصوبے میں روز بروز عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جن کی بدولت بچوں کی عام اور پیچیدہ امراض کا علاج مقامی سطح پرممکن ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سی ٹی سکین مشین کے علاوہ بچوں کی ہڈیوں کو سکین کرنے والی جدید مشین نے بھی کام شروع کردیا ہے جو کہ ابھی لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں بھی دستیاب نہیں۔انہوں نے بتایا کہ لیپروسکوپی سے سرجری،بچوں کے گردوں،آنکھوں،ہڈیوں وجوڑ ودیگر جنرل سرجری کے علاوہ دانتوں کے امراض کے لئے جدید یونٹ کام کررہاہے۔انہوں نے بتایا کہ مریض بچوں کی انتہائی نگہداشت کے لئے ہر شعبہ کے ساتھ جدید مشینری وآلات سے آراستہ آئی سی یو قائم کردئیے گئے ہیں اور ہسپتال میں وینٹی لیٹرز،کارڈیک مانیٹرزاورانکیوبیٹرز بھی خاطر خواہ تعداد میں موجود ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل وسرجیکل ایمرجنسی،نیوناٹالوجی ایمرجنسی،ھیلدی بے بی روم،آئیسولیشن وارڈ،اونکالوجی وارڈ،مالنیوٹریشن وارڈ،ایپی لیسپی وارڈ،جنرل نیو رالوجی وارڈ،پیڈیا ٹرک سرجری وارڈ،یورالوجی وارڈ،اوپتھامالوجی وارڈ،ڈینٹل یونٹ،پیڈیاٹرک آرتھو وارڈ،آپریشن تھیٹرز،ریڈیالوجی وارڈ،فارمیسی،بچوں کے پلے روم اوردیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام تر طبی مشینری کی ذمہ دارانہ طریقے سے دیکھ بھال کی جائے جبکہ بچوں کے اغواء یا غائب کرنے کے خطرات کے لئے سیکورٹی کا جامع انتظام ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جگہ سی سی ٹی وی کیمروں کی کوریج کے بغیر نہ رہے۔انہوں نے عمومی انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ صفائی کا معیار مزید بہتر کریں اور کسی جگہ داغ دھبے نظر نہیں آنے چاہیں۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد فخر نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے تحت چلڈرن ہسپتال میں پرچی سے ادویات کے اجراء سمیت تمام نظام کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے جبکہ بلڈبینک کا قیام بھی جلدعمل میں لایا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن تھیٹرز میں فارمیسی قائم کردی گئی ہے اور ہر فلور پر بھی فارمیسی قائم کی جارہی ہے تاکہ ادویات کے اجراء میں مزید آسانی لائی جاسکے۔

Related posts