گرلز گائیڈز کے عالمی دن پر فیصل آباد میں خصوصی تقریب


فیصل آباد(نیوزلائن)گرلز گائیڈز کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب پروین شاکر کمپلیکس ( لیڈیز باغ ) میں منعقد ہوئی ۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ رکن قومی اسمبلی / ریجنل کمشنر گرلز گائیڈ بیگم خالدہ منصور ‘ایم پی اے فاطمہ فریحہ ‘ ایڈمن آفیسر کنڈکٹ ریاض حسین انجم ‘ سی ای او ایجوکیشن رانا محمد شبیر ‘ ڈی او سکینڈری ایجوکیشن خالد اختر ‘ ڈسٹرکٹ ٹرینر گرلز گائیڈ آمنہ احسان کے علاہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی موجود تھیں ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی میں خواتین کے کلیدی کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جن کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کے لئے اس نوعیت کی تربیت مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اورمعاشرتی کوششوں سے خواتین کو اعتماد حاصل ہو رہا ہے اور وہ ہر شعبہ میں کام کرتی نظر آرہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم وصحت سمیت دیگر سیکٹرز میں خواتین مردوں سے سبقت لے رہی ہیں جو ان کی بھرپور صلاحیتوں کاواضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طالبات دلجمعی اور جذبے سے تعلیم حاصل کریں تاکہ وہ وطن کی خدمت میں اپنا اہم کردار ادا کرتی رہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرلز گائیڈ کا عالمی دن منانے کا مقصد معاشرے کے اس اہم طبقہ کی ترقی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کا شعور اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناحؒ نے گرلز گائیڈ تحریک کو عزم و جذبے سے رکھا خواتین انہی اصولوں کو نشان منزل رکھ کر پیش قدمی کریں۔ انہوں نے گرلز گائیڈ کی تقریب کے انعقادکی سلسلے میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اورکہا کہ ضلعی انتظامیہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات پرعمل پیرا ہے اور ملازمت پیشہ خواتین کے لئے محفوظ اور پر سکون ماحول فراہم کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرلز گائیڈ کی تحریک کومزید تقویت دینے ے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کا رلائے جائیں گے۔ ریجنل کمشنر گرلز گائیڈ و ایم این اے بیگم خالدہ منصور نے کہا کہ تنظیم گرلز گائیڈ کی تربیت یافتہ لڑکیاں کسی بھی مشکل وقت میں انسانیت کی خدمت کے لئے پیش پیش ہیں جنہوں نے روڈ سیفٹی ‘ سول ڈیفنس ‘ ریسکیو 1122 سے متعلق امدادی کارروائیوں کی ٹریننگ حاصل کررکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الگ وطن کی تحریک میں محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی قیادت میں خواتین نے بھی اپنا اہم کردار ادا کیا جن کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر بھی روشنی ڈالی اور تقریب میں شرکت کرنے پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کے دوران مختلف سکولوں کی بچیوں نے ٹیبلوز پیش کئے جبکہ طالبات نے پاک چائینہ دوستی پرخصوصی ٹیبلو کے ذریعے حاضرین سے بے حد داد وصول کی جس میں وطن سے محبت اور قومی ذمہ داریوں کا بھر پور مظاہرہ اورجذبات اجاگر کئے گئے ۔ اس موقع پر پی ٹی شو ‘ پنجابی کھانوں کی تیاری و دیگر سٹالز بھی لگائے گئے جن میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی و دیگر نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا جبکہ گرلز گائیڈ نے امددی کارروائیوں کے بارے میں عملی مشق بھی کی۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں اورگرلز گائیڈ کی ٹرینرز میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

Related posts