این اے 105: پی ٹی آئی امیدواررانا آصف توصیف نااہل قرار


فیصل آباد (نیوزلائن) لاہورہائی کورٹ نے این اے 105سے تحریک انصاف کے امیدوار رانا آصف توصیف کو نااہل قرار دیدیا اور کاغذات نامزدگی کی منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے محمد حنیف جٹ کی درخواست پر فیصلہ دیا۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ رانا آصف توصیف نے کاغذات نامزدگی میں تمام اثاثے ظاہر نہیں کئے جس میں اپنے اور بیوی کے نام پر لئے گئے قرضوں کا ذکر نہ ہے بیوی بنک ڈیفالٹر ہے۔ جبکہ آصف توصیف نے اپنی آمدن اور دیگر اثاثہ جات کے بارے میں بھی مکمل معلومات نہیں دیں۔ اس درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس شمس محمود مرزا نے رانا آصف توصیف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیدیا۔ آصف توصیف کے مقابلے سے باہر ہونے پر فیصل آباد میں تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا لگا تاہم آصف توصیف فیملی سپریم کورٹ جانے اور کاغذات نامزدگی منظور ہونے بارے پرامید ہے۔ اس حوالے سے سابق سٹی ڈسٹرکٹ ناظم رانا زاہد توصیف کا کہنا ہے کہ ہمارے ذمے بنک کا کوئی قرضہ نہ ہے حقائق کو مسخ کرکے پیش کیاگیا ہے۔فیصلہ کے خلاف اپیل کریں گے اور بڑی عدالت سے سرخرو ہوں گے۔

Related posts