مسلسل شکایات پر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی نمائندوں کو معطل کردیا


اسلام آباد (نیوزلائن)الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے تمام بلدیاتی نمائندو ں کو معطل کردیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ بلدیاتی نمائندوں کے انتخابی سرگرمیوں میں مسلسل ملوث ہونے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے کیا ہے۔نیوزلائن کے مطابق الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے بلدیاتی نمائندوں کو کام سے روک دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے منگل کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے چیئرمین اور وائس چیئرمین ضلع کونسل‘ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین، وائس چیئرمین، ڈسٹرکٹ، تحصیل کونسل، میونسپل کمیٹیوں کے ناظمین اور نائب ناظمین، میٹرو پولیٹن، میونسپل کارپوریشنوں کے میئر اور ڈپٹی میئر، میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین، کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ ممبران، یونین، ولیج، نیبرہڈ، وارڈ، وارڈ کونسل یا کمیٹیوں کے چیئرمین یا وائس چیئرمین 25 جولائی 2018ء تک معطل رہیں گے۔ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران سینی ٹیشن اور صفائی کے کام معمول کے مطابق یقینی بنائیں۔

Related posts