نازیبا مہم چلانے والی جماعتوں کیخلاف کارووائی کا فیصلہ


اسلام آباد (نیوزلائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیمرا کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنیوالے ٹی وی چینلز کیخلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ تشہیری مہم میں مخالف سیاسی جماعتوں کیلئے نازیبا اور غلط الفاظ استعمال کئے جارہے ہیں ، ایسے اشتہار چلانے والے چینلز کو نوٹس جاری کئے جائیں۔جمعرات کو الیکٹرونک میڈیا پر سیاسی جماعتوں کی طرف سے چلنے والے اشتہارات کے معاملے پرا علی سطحی اجلاس میں چیئرمین پیمرا ودیگر حکام نے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے برخلاف سیاسی اشتہارات پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردارمحمد رضا و ممبران الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کو حکم دیا کہ تمام سٹیلائٹ ٹی وی چینلز جن پر سیاسی جماعتوں کی تشہری مہم چل رہی ہے اور تشہری مہم میں مخالف سیاسی جماعتوں کیلئے نازیبازبان اور غلط الفاظ استعمال کیے جا رہے ہیں ۔ ایسے اشتہار چلانے والے ٹی وی چینلز کو شوز کاز نوٹس دیا جائے اور الیکشن کمیشن کے جاری کردہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں چینلز کیخلاف پیمرا رولز کے تحت کارروائی کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے پیمر ا کویہ بھی حکم دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے چلنے والے اشتہارات کا مکمل تخمینہ لگایا جائے اور ریکارڈ کمیشن کو مہیا کیا جائے تاکہ ہر سیاسی جماعت کا انتخابات پر اخراجات کا جائزہ لیکر الیکشن قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Related posts