پنجاب میں حکومت کیلئے نمبر گیم پوری ہے‘ ن لیگ


چنیوٹ (نیوزلائن) پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے ہمارے پاس مطلوبہ تعداد ہے ۔ نمبر گیم ہم پوری کرچکے ہیں۔ ہمارے پاس پی ٹی آئی سے زیادہ اکثریت ہے ۔ یہ کہناہے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کا۔ چنیوٹ میں نو منتخب امیدواروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام نے اکثریت کے طور پر مسلم لیگ ن کو ہی اپنی پارٹی قرار دیا ہے ، جوڑ توڑ کے ذریعے سے اکثریت بناناجمہوری اصولوں کے خلاف بات ہے ، ہمیں موقع ملنا چاہیے یا دیا جانا چاہیے کہ ہم گورنمنٹ پرفارمنس کرسکیں ، اکثریتی پارٹی اگر گورنمنٹ پرفارمنس نہ کرسکے تو دوسری پارٹی حکومت بنائے ، انہوں نے کہا کہ الیکشن 2013میں جب ایسا ہی واقعہ ہوا تھا تو خیبر پختون خواہ میں نواز شریف نے پی ٹی آئی کو حکومت بنانے دی تھی، اب جمہوریت اور اصول پسندی کے نعرے لگانے والے وقت آنے پر اس پر قائم رہیں ، ہمارے خلاف ریاستی اور انتخابی دہشت گردی کے باوجود پنجاب کی عوام نے بھرپور ساتھ دیا ہے ، مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے ہماری امیدواروں سے ٹکٹ واپس کروائے گئے دوسری پارٹیوں میں شامل کروایا گیا ، تمام تر دہشت گردی کے باوجود پنجاب میں ہماری اکثریت کو کم نہیں کیا جاسکا ، اگرہماری پارٹی کے ساتھ سختی نہ برتی جاتی تو آج ہم دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہوتے ، شہباز شریف کے حکم پر نو منتخب اراکین کو مبارک باد دی گئی ہے انہوں نے شہباز شریف کی طرف سے نو منتخب آزاد امیدواروں تیمور لالی اور تیمور بھٹی کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دی ہے ، دونوں کامیاب امیدواروں نے مثبت انداز میں جواب دیا ہے جس پر ہم پرامید ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ چلیں گے اور جمہوری طریقے سے حکومت چلانے کا موقع ملا توآئندہ پانچ سالوں میں شہباز شریف کا مشن پنجاب میں پورا کریں گے۔

Related posts